حج 2019 کے سلسلے میں سرکاری اسکیم کی دوسری قرعہ اندازی آج ہوگی

اسلام آباد: حج 2019 کے سلسلے میں سرکاری اسکیم کی دوسری قرعہ اندازی آج ہوگی۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق کابینہ سے منظوری پر سرکاری اسکیم کی دوسری قرعہ اندازی آج کی جائے گی جس کا اہتمام وزارت مذہبی امور میں ہوگا۔

دوسری قرعہ اندازی میں 3 بار قرعہ اندازی میں ناکام افراد کو ترجیح دی جائے گی اور تقریباً ساڑھے 9 ہزار سے زائد خوش نصیب افراد کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ ملک بھر سے ہر سال لاکھوں عازمین حج سرکاری اور پرائیوٹ کوٹے کے ذریعے فریضہ حج کی ادائیگی کرتے ہیں۔

حکومت نے 12 مارچ کو سرکاری اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کرنے والے ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد خوش نصیبوں کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج اخراجات 4 لاکھ 36 ہزار975 روپے مقرر کیے گئے ہیں اور حاجیوں کو قربانی کے لیے 19 ہزار 451 روپے الگ سے ادا کرنا ہوں گے۔