مشرقی بلوچستان، وسطی و جنوبی پنجاب اور سندھ میں آج بھی موسم شدید گرم

کراچی: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج وسطی و جنوبی پنجاب، سندھ اور مشرقی بلوچستان میں شدید گرمی پڑے گی۔ 

سندھ کے مختلف علاقوں میں دن کے آغاز پر ہی سورج آگ برسانے لگا جہاں جیکب آباد میں پارہ 41، روہڑی اور سکھر میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج بھی گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے اور کہا ہے کہ گرمی کی شدت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ محسوس کیے جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کا موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت 28 اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مشرقی بلوچستان میں موسم شدید گرم رہے گا جب کہ وسطی و جنوبی پنجاب اور سندھ میں بھی گرمی بدستور برقرار رہے گی تاہم راولپنڈی، مالاکنڈ، ہزارہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا  جب کہ قلات میں 13، زیارت 12، دالبندین 20، پنجگور 24، ژوب، 25، گوادر اور بارکھان میں 26، 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح خضدار میں 27، سبی 28 جبکہ تربت میں کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔