زیارت میں دھماکہ: خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق

زیارت:  زیارت میں پکنک پوائنٹ خرواری بابا کے مقام پر گاڑی میں دھماکہ ہوا، اسسٹنٹ کمشنر زیارت میجر کبیر زرکون کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔

دنیا نیوز کے مطابق عید الفطر کے تیسرے روز بلوچستان کے ضلع زیارت کے پکنک پوائنٹ خرواری بابا میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے۔

اے سی زیارت میجر کبیر زرکون کا کہنا ہے کہ دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد ڈی ایچ کیو زیارت منتقل کر دیئے گئے ہیں۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے سیاحوں کا تعلق کراچی سے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والے سیاح عید گزارنے زیارت آئے تھے، دھماکہ فی الحال سلنڈر دھماکہ معلوم ہوتا ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔