نواز شریف چوری پکڑے جانے کی وجہ سے جیل میں ہیں، شہباز گل کا مریم اورنگزیب کو جواب

ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل کا کہنا ہے کہ مریم اورنگزیب شاید بھول رہی ہیں کہ نواز شریف چوری پکڑے جانے اور جرم ثابت ہونے کی وجہ سے جیل میں ہیں۔

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو عید کے موقع پر ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومت پنجاب اور وزیراعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اہلخانہ سے ملنے کی اجازت نہ دینے سے عمران خان کی نالائقی کم نہیں ہو گی۔

‘نواز شریف کو اہلخانہ سے ملنے نہ دینے سے عمران خان کی نالائقی کم نہیں ہوگی’

ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ عید کی چھٹیوں کے باعث جیل کے عملے کی بھی چھٹیاں تھیں جس کی وجہ سے نواز شریف کی اُن کے اہلِ خانہ سے ملاقات نہیں کروائی جا سکی۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ جیل حکام کے مطابق نواز شریف سے ان کے اہلِ خانہ کی ملاقات ہفتے کے روز کروائی جائے گی۔

ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے پاس سیاست کرنے کے لیے نواز شریف کی صحت کے علاوہ کوئی اور ایشو نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ لیگی قیادت نواز شریف کی صحت سے متعلق ملسل جھوٹ بول رہی ہے، ان کی طبیعت معمول کے مطابق اور ٹھیک ہے۔