مالی: دو دیہات پر حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 41 تک پہنچ گئیں

بماکو:  براعظم افریقہ کے ملک مالی میں دو دیہات پر کیے جانے والے حملوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 41 تک پہنچ گئیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق دیہات پر حملہ کرنے والے موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور آتے ہی انہوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جو کافی دیر تک جاری رہی۔ 41 کے قریب ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق نسلی گروپ ڈوگون سے ہے۔

متاثرہ خطے میں کاشت کار ڈوگون اور گلہ بان فولبے قبائل کے درمیان خونریز جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔ یہ لڑائیاں قابل کاشت زمین اور سرسبز علاقوں کی ملکیت کے حوالے سے ہوتی ہیں۔

دوسری طرف مقامی میئر کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت موقع پر مرنے والوں کی تعداد 24 تھی تاہم ہسپتال میں طبی امداد کے دوران مزید 17 افراد چل بسے جبکہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے 40 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔