امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد:  امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ ان کا طیارہ نور خان ایئربیس پر اترا۔

 

دنیا نیوز کے مطابق امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اپنے دو روزہ دورے پر جب پاکستان پہنچے تو وزیراعظم عمران خان کی طرف سے ایئر پورٹ پر ان کا استقبال کیا گیا۔ امیر قطر یہ دورہ وزیراعظم کی دعوت پر کر رہے ہیں۔

امیرقطرشیخ تمیم بن حمد الثانی کو پاکستان پہنچنے پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی جس کے بعد مہمان امیر وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ان کی گاڑی کو ڈرائیو کیا۔ وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہونگے، پاکستان اور قطر کے درمیان معاہدوں پر دستخط بھی ہوںگے، وزیراعظم عمران خان امیر قطر کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔ عشائیہ میں چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی سمیت سیاسی و عسکری شخصیات شریک ہونگی۔

امیر قطر اتوار کی صبح ایوان صدر میں صدر عارف علوی سے ملاقات کرینگے، امیر قطر ایوان صدر میں سرمایہ کاری تقریب میں شریک ہوں گے، امیر قطر کے اعزاز میں ایوان صدر میں ظہرانہ ہوگا، وزیراعظم، اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت شریک ہوگی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور قطر کے درمیان 6 سے 8 ارب ڈالر کے معاہدے زیر غور آئیں گے، توانائی اور پٹرو کیمیکل کے شعبوں میں تعاون پربات چیت ہوگی اور سیاحت، زراعت، انجینئرنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر بریفنگ دی جائے گی۔

قطر کے سرمایہ کاروں کو فوڈپراسیسنگ، پیکجنگ اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ سی پیک سےمنسلک سڑکوں میں نجی شعبے کے اشتراک پر بات چیت کی جائے گی اور پاکستان کے 3 بڑے ایئرپورٹس پر سرمایہ کاری سےمتعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ قطر 2022 تک ایک لاکھ پاکستانیوں کوروزگارفراہم کرناچاہتاہے اور اس حوالے سے پاکستانیوں کیلئےروزگارکےمواقع بڑھانےپرتبادلہ خیال ہو گا۔

متعلقہ خبریں