پنجاب، بلوچستان اور کے پی کے مختلف علاقوں میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

لاہور سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا جب کہ بلوچستان کے بالائی علاقوں میں بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب اور ندی نالوں میں طغیانی دیکھی گئی۔

لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ بہاول نگر، پاکپتن اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

بھاول نگر : شہر اور گردونواح میں تیز ہواکے ساتھ ہلکی بارش

 گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس نے موسم سرد کردیا۔

مشرقی بلوچستان میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جہاں ہرنائی میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب اور مختلف مقامات پر حفاظتی بند ٹوٹ گئے۔

ہرنائی کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق سروتی حفاظتی بند ٹوٹنے سے محلہ اختر آباد، جلال آباد، کلی مرزا، کلی لعل خان متاثر ہوئے ہیں جہاں ایف سی، لیویز اور پولیس نے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا۔

ضلع ژوب کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، کوہ سلیمان، فورٹ منرو میں بھی بارش ہوئی جب کہ ژوب ڈی آئی خان شاہراہ پر آمد و رفت متاثر ہے۔

شیرانی میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف شہروں میں موسم مطلع صاف اور خشک ہے تاہم آج قلات اور ژوب ڈویژن میں چند ایک مقامات پر بارش کا امکان ہے۔