اے پی سی کاٹھ کی ہنڈیا ہے، بیچ چوراہے پھوٹے گی: فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد: فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، اپوزیشن کو اپوزیشن سے خطرہ ہے، اے پی سی کاٹھ کی ہنڈیا ہے، بیچ چوراہے پھوٹے گی۔

معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا مولانا کے منصوبے کا نتیجہ وہی نکلے گا جو ان کے الیکشن ایڈونچر کا نکلا تھا، اے پی سی کی ناکامی کے بعد مولانا 4 سال کیلئے خود کو دین کیلئے وقف کر دیں، اے پی سی کی شاہکار فلم اسکرین پر آنے سے پہلے ہی اتر گئی۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا مفادات کی قیدی قیادت ہر بار مولانا کو بلا کر ان کی کرسی کھینچ لیتی ہے، مولانا صاحب سے دلی ہمدردی ہے، اپوزیشن کے ناتواں کندھے مولانا کی سیاسی محرومی کا بوجھ اٹھانے کو تیار نہیں۔