بھارت کی ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ

مانچسٹر: آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کے 34ویں میچ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 33 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنالیے۔

مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کے ایل راہل اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا۔

بھارتی اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے، ٹیم کا مجموعی اسکور 29 تک پہنچا تو روہت شرما 18 رنز بنا کر کیمار روچ کا شکار بن گئے۔

دوسرے اوپنر کے ایل راہول بھی 48 رنز بنا کر ہولڈر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

نئے آنے والے بلے باز وجے شنکر اور کیدار جادیو بھی زیادہ دیر کریز پر ٹھہر سکے اور دونوں کھلاڑی بالترتیب 18 اور 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان ویرات کوہلی نے ایک بار پھرشاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں چوتھی لگاتار نصف سنچری مکمل کی اور کریز پر موجود ہیں۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے اب تک کیمار روچ 3 اور جیسن ہولڈر ایک وکٹ حاصل کرچکے ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل، کرک انفو
ایونٹ میں ونڈیز کُل 6 میچوں میں سے اب تک ایک ہی میچ میں کامیابی حاصل کر سکی ہے جبکہ بھارت نے 5 میچز میں سے 4 میں کامیابی حاصل کی۔

پوائنٹس ٹیبل میں ویسٹ انڈیز کُل 3 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں جبکہ بھارت 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔