حکومت نے درآمدات کا ہدف 53.66 ارب ڈالر سے زائد مقرر کر دیا

اسلام آباد: حکومت نے آئندہ مالی سال کیلئے درآمدات کا ہدف 53 ارب 66 کروڑ ڈالر سے زائد مقرر کر دیا ہے۔ پٹرولیم گروپ کی درآمدات کا ہدف سب سے زیادہ 15 ارب ڈالر سے زائد مقرر کیا گیا ہے۔ ایک سال میں 52 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی چائے درآمد کی جائے گی۔

دستاویز کے مطابق حکومت نے آئندہ مالی سال کے دوران غذائی اشیاء کی درآمدات کا ہدف 4 ارب 70 کروڑ ڈالر سے زائد مقرر کیا ہے جس میں سے 52 کروڑ 80 لاکھ ڈالر سے زائد کی چائے درآمد کی جائے گی اورایک ارب 66 کروڑ ڈالر سے زائد کا پام آئل درآمد کیا جائے گا۔

دنیا نیوز کو حاصل دستاویز کے مطابق ایل این جی کی درآمد کا ہدف 3 ارب 85 کروڑ ڈالر اور خام پٹرولیم کی درآمد کا ہدف 5 ارب 47 کروڑ ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔ مشینری گروپ کی درمدآت کا ہدف 6 ارب 34 کروڑ ڈالر سے زائد مقرر کیا گیا ہے اور آئندہ سال ایک ارب 25 کروڑ ڈالر سے زائد کی الیکٹریکل مشینری درآمد کی جائے گی۔

آئندہ مالی سال کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ٹیکسٹائل گروپ کی درآمدات کا ہدف 4 ارب 15 کروڑ ڈالر مقرر کیا گیا ہے ایک سال میں 2 ارب ڈالر کا آئرن اور سٹیل کا سکریپ درآمد کیا جائے گا، دیگر مختلف شعبوں کی درآمدات کا ہدف 8 ارب 23 کروڑ ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔