جہانگیرترین کی پریس کانفرنس پر اپوزیشن کی سخت تنقید

اسلام آباد / کراچی: سپریم کورٹ سے نااہل قرار دیئے گئے جہانگیر ترین کی وزارت اطلاعات کے دفتر میں پریس کانفرنس پر اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے جہانگیر ترین کی پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا کہ جہانگیر ترین کی پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس توہینِ عدالت ہے، مالی اور باورچیوں کے ذریعے منی لانڈرنگ کا سپریم کورٹ میں اعتراف کرنے والا سرکاری وسائل استعمال کررہا ہے، عمران صاحب جہانگیرت رین کو منع نہیں کرسکتے کیونکہ اے ٹی ایم کے ناراض ہونے سمیت بنی گالا کے محل کا خرچہ بند ہونے کا ڈر ہوتا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب اپنے کئیر ٹیکر کو سرکاری وسائل کا استعمال کس قانون کے مطابق کروا رہے ہیں ، ‎عمران صاحب سپریم کورٹ سے منی لانڈرنگ پرنااہل شخص آپ کی حکومت کی ترجمانی کر رہا ہے، ‎نااہل قرار پانے والا مشہورزمانہ منی لانڈرر حکومتی پالیسی بیان کررہا ہے۔ کیا یہ ہے نیا پاکستان، ‎سپریم کورٹ نے جسے جھوٹا قرار دیا، اب وہ قوم کو کیا سچ بتائے گا۔

’یہ ہے نیا پاکستان، منافقوں کا پاکستان‘

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹونے بھی جہانگیرترین کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا کہ سزا یافتہ نااہل نائب وزیراعظم زراعت کی پالیسی پر قوم سے خطاب کررہا ہے، یہ ہے نیا پاکستان، منافقوں کا پاکستان،ایک نہیں دو پاکستان، جھوٹے الزامات میں قید سابق صدر کے انٹرویو کو سینسرکردیا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں