خواتین ورلڈ کپ: سیمی فائنل میں امریکہ، انگلینڈ کا جوڑ پڑے گا

پیرس: فرانس میں جاری خواتین فٹ بال ورلڈکپ میں بدھ کو سیمی فائنل میچ میں امریکہ اور انگلینڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی جبکہ جمعرات کو ہالینڈ اور سویڈن کی ٹیمیں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کریں گی۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ٹیم سیمی فائنل مقابلے میں انگلینڈ کا سامنا کرے گی۔ امریکہ اور برازیل کے درمیان کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں سنسنی خیز میچ دیکھنے کو ملا۔ ایک موقع پر امریکی ٹیم پر شکست کے بادل منڈلا رہے تھے، میچ کے آخری لمحات میں امریکی ایبی نے ہیڈ شاٹ سے گول کر کے مقابلہ دو دو سے برابر کیا۔ یہ گول میچ ختم ہونے سے محض چند سیکنڈ پہلے کیا گیا،میچ کے دوران امریکی ٹیم دس کھلاڑیوں سے کھیل رہی تھی کیونکہ ریچل کو فاﺅل کرنے پر سرخ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا تھا۔ دونوں ہی ٹیموں نے گول کرنے کے متعدد مواقع بھی گنوائے اور متعدد فاﺅل بھی کیے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق پنلٹی شوٹ آﺅٹ کے دوران برازیل کی ڈایانے نے گول مس کر کے امریکہ کے سیمی فائنل کھیلنے کی راہ ہموار کی۔ ڈایانے اس سے قبل میچ کے دوران غلطی سے اپنی ہی ٹیم کے خلاف بھی ایک گول کر چکی تھیں۔ میچ کے دوران دونوں ٹیموں کی خواتین شائق جذبات پر مکمل طور پر قابو نہیں کر پا رہی تھیں اور میچ کے دوران آبدیدہ بھی نظر آئیں۔

اس سے قبل تیسرے کوارٹر فائنل میں سویڈن نے آسٹریلیا کو پچھاڑا۔ سویڈن نے پہلے ہی ہاف میں دو گول کر کے آسٹریلیا کو شدید دباؤ میں ڈال دیا تھا۔ پہلا ہاف ختم ہونے سے کچھ دیر قبل آسٹریلوی سٹرائیکر ایلیسی پیری نے بہترین سٹرائیک کے ذریعے گول کر کے مقابلے میں کچھ جان ڈالی۔ 52 ویں منٹ میں سویڈن کی لیوٹا نے آسٹریلوی دفاعی کھلاڑیوں کی غلطی کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی ٹیم کی طرف سے تیسرا گول بھی کر ڈالا اور یوں سویڈن نے سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوا لیا۔