حج کی پہلی پرواز 214 عازمین کو لے کر لاہور سے مدینہ روانہ

لاہور: حج آپریشن کا آج سے آغاز ہوگیا ہے پہلی نجی پرواز عازمین حج کو لے کر لاہور سے مدینہ منورہ روانہ ہوگئی ہے۔

لاہور سے مدینہ جانے والی پہلی پرواز 214 عازمین حج کو لے کر صبح 4 بج کر 45 منٹ پر لاہور ائیرپورٹ سے روانہ ہوئی ہے۔

حکومت کی جانب سے صوبائی وزیر مذہبی امور سعید الحسن سمیت اعلیٰ حکام نے عازمین حج کو رخصت کیا ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مذہبی امورسعید الحسن نے کہا کہ  عازمین کے لیے بہترین انتظامات کیے ہیں، عازمین حج پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا کریں۔

دوسری جانب سرکاری اسکیم کے تحت کل سے حج آپریشن کا آغاز ہوگا جب کہ 17 اگست سے حاجیوں کی واپسی شروع ہوگی اور پوسٹ حج آپریشن 14 ستمبر تک مکمل ہوگا۔

اس سال پی آئی اے کی 300 سو خصوصی پروازوں کے ذریعے 65 ہزار سے زائد عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

حج آپریشن کےسلسلے میں اسلام آباد ائیرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ منصوبے کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے جس کے تحت  اسلام آباد ائیرپورٹ کے 10 خصوصی کاؤنٹرز کو مدینہ اور جدہ ائیرپورٹ سے لنک کردیا گیا ہے۔

ایسے میں 22 ہزارعازمین کی امیگریشن اور پری کلیئرنس اسلام آباد ائیرپورٹ سے ہی مکمل کرلی جائےگی۔

حکومت نے حجاج کو مجموعی طور پر 5 ارب روپے کے قریب رقم واپس کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت مذہبی امور کےمطابق فی حاجی 30 سے 50 ہزار روپے تک واپس کیےجائیں گے۔

رقوم واپسی کا فیصلہ حتمی منظوری کے لیے وفاقی کا بینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔