ایشیائی ترقیاتی بینک کراچی میں بہتر ٹرانسپورٹ کیلئے 23 کروڑ ڈالر دے گا

کراچی: کراچی کے شہریوں کے لیے اچھی خبر، ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک نے 23 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی۔ فنڈز سے کراچی میں ریڈ لائن بس منصوبہ تعمیر کیا جائے گا۔

بدترین ٹرانسپورٹ نظام اور چنگچی کے شہر کراچی میں رہنے والوں کیلئے اچھی خبر، ایشیائی ترقیاتی بینک نے بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم منصوبے کیلئے تئیس کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی۔ رقم سے بی آرٹی سسٹم کے تحت ریڈ لائن بس منصوبہ تعمیر کیا جائے گا۔ 26.6 کلومیٹر طویل ریڈ لائن بس منصوبہ ماڈل کالونی سے نمائش چورنگی تک تعمیر کیا جائے گا، ٹریک پر 29 بس سٹیشن قائم کیے جائیں گے۔

ریڈ لائن بس منصوبے سے کراچی کے شہریوں کو بہترین ٹرانسپورٹ سروس کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ یومیہ تین لاکھ جبکہ مجموعی طور پر شہرکے 15 لاکھ شہریوں کو فائدہ پہنچے گا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلامیہ کے مطابق بی آر ٹی سسٹم کے تحت بس منصوبہ ماحول دوست ہوگا اوراس سے آلودگی کا مسئلہ بھی کم ہو گا۔