قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی بھارتی لڑکی کو دل دے بیٹھے

لاہور:  قومی کر کٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی بھارتی لڑکی کو دل دے بیٹھے۔ بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ حسن علی بھارت کے شہر ہریانہ کی رہائشی شامعیہ آرزو سے 20 اگست کو دبئی میں نکاح کریں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ورلڈ کپ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی کو بھارتی لڑکی پسند آ گئی تھی، شامعیہ آرزو شعبہ کے اعتبار سے انجینئر ہے اور دبئی میں ملازمت کرتی ہیں۔

لڑکی اور لڑکے کے قریبی رشتہ دار 17 اگست تک متحدہ عرب امارات پہنچیں گے۔ اس حوالے سے شامیہ کے والد لیاقت علی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بیٹی کی شادی تو کرنی ہی ہے، چاہے ہندوستان ہو یا پاکستان، اس سے فرق نہیں پڑتا۔ حسن علی بھارتی خاتون سے شادی کرنے والے چوتھے پاکستانی کر کٹر ہونگے۔

یاد رہے اس سے قبل شعیب ملک نے ہندوستان کی معروف ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا سے شادی کی تھی۔ پاکستان کے دو عظیم بلے باز ظہیر عباس اور محسن حسن خان نے بھی ہندوستانی خواتین سے شادی کی ہے۔ اس شادی کے بعد حسن علی بھی شعیب ملک، عظیم بلے باز ظہیر عباس اور محسن حسن خان کے کلب میں شامل ہو جائیں گے۔