بھارتی اشتعال انگیزی سے تزویراتی غلط فہمی پیدا ہوسکتی ہے، پاکستان

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی کی بھارتی خلاف ورزیوں سے تزویراتی غلط فہمی پیدا ہوسکتی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دفتر خارجہ میں ڈی جی ساؤتھ ایشیا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی افواج نے ایل او سی کے دننا، ڈھنڈیال، جوڑا، لیپا، شاہ کوٹ اور شاردہ سیکٹرز پربلااشتعال فائرنگ کی، بھارتی فائرنگ سے ایک شہری شہید اور 9 معصوم شہری زخمی ہوئے، بھارتی افواج لائن آف کنٹرول پرشہری آبادی کو بھاری اسلحہ سے نشانہ بنا رہی ہیں، جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا انسانی عظمت، بین الاقوامی انسانی حقوق اور قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت 2 برسوں میں 1970مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کرچکا ہے، بھارتی خلاف ورزیوں سے تزویراتی غلط فہمی پیدا ہوسکتی ہے، پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ 2003 کی جنگ بندی مفاہمت کا احترام کرے، بھارت لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر امن برقرار رکھے اور اپنی افواج کو جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کرے،بھارت اقوام متحدہ کے امن مشن کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کردار ادا کرنے دے۔

متعلقہ خبریں