ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں ایک روپے 70 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا

اسلام آباد:  اوگرا نے عوام پر ’’گیس بم‘‘ گرا دیا، ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں ایک روپے 70 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا۔ نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

دنیا نیوز کے مطابق اوگرا کی طرف سے ایل پی جی فی کلو گرام کی قیمت میں 1 روپے 70 پیسے مہنگی کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے، ایل پی جی کی فی کلو گرام نئی قیمت 114 روپے 40 پیسے ہو گئی ہے۔

دوسری طرف ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر بھی 20 روپے مہنگا ہو گیا ہے۔ ایل پی جی کے 11.8 کلو گرام سلنڈر کی نئی قیمت 1350 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق اگست کے مہینے کے لیے ہو گا۔

اس سے قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی گئی ہے، یکم اگست سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 8 روپے 90 پیسے اضافے کا امکان ہے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 65 پیسے فی لٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 15 پیسے فی لٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 38 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی ہے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 90 پیسے فی لٹر تک اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

اوگرا کی طرف سے سمری پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کردی گئی ہے، حتمی فیصلہ وزارت خزانہ کرے گی، اگر وزارت خزانہ قیمت بڑھا دیتی ہے تو نئی قیمتوں پر عملدرآمد یکم اگست سے ہو گا۔

متعلقہ خبریں