جادو تو چلا ہے، ضمیر فروشی ہوئی ہے: شہبازشریف

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کو جمہوریت کا نقصان قرار دے دیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں شہبازشریف نے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر کہا کہ جادو تو چلا ہے، ضمیر فروشی ہوئی ہے۔

سینیٹ میں تبدیلی کی تحریکیں ناکام: چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین عہدوں پر برقرار

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ 14 ارکان کم ہوئے ہیں، ہمارے 64 ارکان تحریک کے حق میں کھڑے ہوئے تھے، آج جو ہوا اس سے جمہوریت کو نقصان پہنچا۔

دوسری جانب سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ ظفر الحق کا کہنا تھا کہ افسوسناک ہوا جو بھی ہوا، ہمیں اندازا ہے کس نے ووٹ نہیں دیے، صبح ہی پتہ چل گیا تھا کہ ہمیں کتنے ووٹ ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ تر ایک پارٹی کے لوگوں نے گڑ بڑ کی، جو فورسز چیئرمین سینیٹ کو بچانا چاہتی تھیں وہ کامیاب ہوگئیں۔